بھوپال ، 28؍اگست ( ایس او نیوز ) ایک 45 سالہ ادی باسی شخص کو جو اپنی بیوی کی تلاش کرتے ہوئے نیمیچ ضلع کے سنگولی پہنچا تھا، ہجومی تشدد کی زد میں آگیا اور اسپتال لے جانے کے بعد اس نے دم توڑ دیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس شخص کو پہلے ایک بائک نے ٹکر ماری، پھر ہجوم نے اس کی پیٹائی شروع کردی۔ بعد میں لوگوں نے اسے ایک وین سے باندھ دیا اور سڑک پر سے گھسیٹتے ہوئے لے جایا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ لوگوں نے یہ سب کچھ اسے ایک چور سمجھ کر کیا تھا۔
مرنے والے کی شناخت کنہیا لال بھیل کی حیثیت سے کی گئی ہے جو جمعرات 26 اگست کو زخموں کی تاب نہ لاکر نیمچ ڈسٹرکٹ اسپتال میں چل بسا۔
ذرائع کے مطابق اس شخص کو بری طرح پیٹنے کے بعد ایک پک اپ سے باندھ کر 100 میٹر تک گھسیٹا گیا تھا۔ آدی باسی کو جب تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تو اسپتال پہنچ کر اُس نے دم توڑ دیا۔ اس وحشیانہ سلوک کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔نیمچ کے ایس پی سورج کمار ورما کے مطابق اس کیس میں 8 افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے، جس میں سے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق پولس نے جن پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے اس میں اہم ملزم چھیتار گُجار اور مہیندرا گُجار بھی شامل ہیں، جس میں سے مہیندرا گُجار کی بیوی حکمراں بی جے پی کے تعاون سے پنچایت انتخابات میں گاوں کی سرپنچ کے عہدہ پر فائز ہے۔ سنیچر کو ایس پی سورج ورما نے بتایا کہ جو تین لوگ فرار ہیں، پولس اُن کو تو تلاش کرہی رہی ہے مگر پولس اس بات کا بھی پتہ لگارہی ہے کہ آیا اس واردات میں مزید لوگ بھی ملوث ہیں یا نہیں۔
مہلوک شخص کو ایک پک آپ وین سے باندھ کر گھسیٹنے کی وڈیو بھی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا گیا ہے کہ اس کے دونوں پیروں کو باندھا گیا ہے اور اسے گھسیٹ کر لے جایا جارہا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ وڈیو وائرل ہونے کے بعد پولس نے دفعہ 302 کے تحت قتل کا معاملہ درج کرتے ہوئے کاروائی شروع کی اور متعلقہ پیک آپ وین کو بھی ضبط کرلیا۔ پولس نے بتایا کہ تمام آٹھ لوگوں پر ایس سی ۔ایس ٹی ایکٹ کے تحت بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔